ایلن کی 16 چھکوں پرمشتمل ریکارڈ سنچری ، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

   

ڈنیڈن : تیسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے باآسانی شکست دے کر 5 میچزکی سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ ڈنیڈن میں کھیلا گیا جہاں کیویز نے پاکستان کو 225 رنزکا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز بنا سکی۔ تیسرے میچ میں بھی پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ہیملٹن اورآکلینڈ کے بعد ڈنیڈن میں بھی کیوی بیٹرس نے اننگزکا جارحانہ کا آغازکیا اور پاکستانی بولروں کی خوب دھلائی کی۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 28 رنز پرگری، حارث رؤف نے ڈیون کنوے کو7 رنز پر آؤٹ کیا، جس کے بعد میزبان بیٹرس نے مہمان بولروں پر رحم نہ کیا، فن ایلن اور ٹم سیفرٹ نے شاندار پارٹنرشپ بنائی۔ فن ایلن نے صرف 62 گیندوں پر137 رنزکی شاندار اور ریکارڈ سازاننگز کھیلی، ان کی جارحانہ بیٹنگ میں 16 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔انہوں نے اس اننگز کے دوران ٹی20 میں سب سے زیادہ 16 چکھوں کا ریکارڈ برابر کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جب کہ شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونئیر نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ حارث روف ایک بار پھر پاکستان کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں60 رنز دیے، محمد نواز نے 4 اوورز میں 44 اور شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز 43 رنز دیے۔ پوری اننگز میں پاکستانی بولروں نے اٹھارہ چھکے اور بارہ چوکے کھائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کی کارکردگی ایک بار پھر مایوس کن ثابت ہوئی۔جوابی اننگز میں پاکستانی اننگز کی شروعات اچھی نہیں ہوئی اور نوجوان اوپنر صائم ایوب 10 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے سیریز میں نمبر تین پر متواتر تیسری نصف سنچری اسکور کی ۔