ایلون مسک نے پیوٹن کو ’ایک ہاتھ‘ سے لڑنے کا نیا چیلنج دیدیا

   

ٹیکساس: دنیا کے امیر ترین شخص، کھرب پتی امریکی تاجر اور اسٹارلنک اور ٹیسلا جیسی مشہور کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ایک ہاتھ سے لڑائی کا نیا چیلنج دے دیا ہے۔واضح رہے کہ ولادیمیر پیوٹن کو تائی کوانڈو اور جوڈو کا ماہر سمجھا جاتا ہے جس کا عملی مظاہرہ وہ کئی بار دنیا کے سامنے کرچکے ہیں۔یوکرین پر روسی حملے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر پر پیوٹن کو چیلنج دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ پیوٹن کو دست بدست لڑائی میں ہرا دیں گے۔اس ٹویٹ پر پیوٹن نے تو کوئی جواب نہیں دیا لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹیلی گرام‘‘ پر چیچن صدر رمضان قدیروف نے اس چیلنج پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک کو طنزیہ انداز میں ’’ایلونا‘‘ (زنانہ نام) سے مخاطب کیا اور کہا کہ وہ تو صرف ایک تاجر اور ٹوئٹر صارف ہے جسے لڑائی بھڑائی کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں۔