ایلون مسک کا ایپل پر ’اینٹی ٹرسٹ‘ قوانین کی خلاف ورزی کا الزام

   

سان فرانسسکو، 12 اگست (یو این آئی) ارب پتی صنعتکار، ٹیسلا اور ایکس کے مالک، ایلون مسک نے الزام عائد کیا ہے کہ ایپل اپنی ایپ اسٹور پالیسیوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنیوں کے مقابلے کو محدود کر رہا ہے ۔ایلون مسک نے اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایپل صرف اوپن اے آئی کو سب سے آگے رکھ رہا ہے ، ایپل کا یہ عمل واضح طور پر اینٹی ٹرسٹ قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔مسک نے مزید لکھا کہ ایپل اس انداز میں برتاؤ کر رہا ہے کہ اوپن اے آئی کے علاوہ کوئی بھیاے آئی کمپنی ایپ اسٹور میں نمبر ون نہیں بن سکتی جو کہ ‘اینٹی ٹرسٹ قوانین’ کی صاف خلاف ورزی ہے ، ایکس اے آئی فوری طور پر اس معاملے پر قانونی کارروائی کرے گا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے جبکہ ایپل، اوپن اے آئی اور مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ بھی نہیں کیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایپ اسٹور کے امریکی ‘ٹاپ فری ایپس’ سیکشن میں اس وقت چیٹ جی پی ٹی پہلے نمبر پر ہے ۔مارکیٹ ریسرچ کمپنی سینسر ٹاور کے اعداد و شمار کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گوگل پلے اسٹور پر بھی سب سے آگے ہے ۔

فرانس:جیلی فش نے نیوکلیئر پاور پلانٹ بند کروادیا
پیرس، 12 اگست (یو این آئی) فرانس کے شمالی علاقے میں واقع گرولین نیوکلیئر پاور پلانٹ کے 4 ری ایکٹرز جیلی فش کے ایک بڑے اور غیر متوقع ہجوم کے باعث بند کر دیے گئے ۔ پلانٹ کے آپریٹر ای ڈی ایف کے مطابق کولنگ سسٹم کے فلٹر ڈرمز میں جیلی فش بھر جانے سے ری ایکٹرز خودکار نظام کے تحت بند ہو گئے ۔گرولیـن پاور پلانٹ فرانس کے سب سے بڑے نیوکلیئر پلانٹس میں شمار ہوتا ہے ، اس پلانٹ کے 6 یونٹس مجموعی طور پر 5.4 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واقعہ کے وقت ری ایکٹرز 2، 3 اور 4 خودکار طور پر بند ہوئے جبکہ چند گھنٹوں بعد ری ایکٹر 6 بھی بند کر دیا گیا، پلانٹ کے باقی 2 یونٹس پہلے سے ہی مرمت کیلئے بند تھے۔