ٹیکساس، 14 جنوری (یو این آئی) دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک نے ایران میں مفت اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس فراہم کر دی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس اب ایران میں صارفین کو اسٹار لنک سیٹلائٹ سروس کے ذریعہ مفت انٹرنیٹ فراہم کر رہی ہے ، کیوں کہ ایران میں کئی روز سے انٹرنیٹ بند ہے ۔ ایران میں پہلے سے غیر فعال اسٹار لنک اکاؤنٹس اب فعال ہوگئے ہیں اور ان کے سبسکرپشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے کئی مقامات پر جیمزر لگائے گئے ہیں تاکہ مفت انٹرنیٹ فراہمی کو روکا جا سکے ، تاہم بیش تر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال ہے ۔ ایران ملک گیر احتجاج کے 18 ویں دن میں داخل ہو گیا ہے ، ایرانی حکام نے ملک کو بیرونی دنیا سے منقطع کر رکھا ہے ۔ آن لائن رابطے کی نگرانی کرنے والے ایک پلیٹ فارم نیٹ بلاکس کے مطابق ایران 120 سے زائد گھنٹوں سے آف لائن رہا ہے ۔
