واشنگٹن ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) ایلون مسک نے امریکہ میں ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جسے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مضحکہ خیز قرار دیا۔ کچھ روز پہلے تک مسک صدر ٹرمپ کے سرکردہ مشیر اور سب سے اہم مالی معاون تھے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ارب پتی سی ای او ایلون مسک کی جانب سے امریکہ پارٹی کے نام سے ایک نئی امریکی سیاسی جماعت کے آغاز پر تنقید کی۔ ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے سی ای او اور کچھ روز پہلے تک مالی امور میں صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر نے ہفتہ کے روز اپنی سلسلہ وار سوشل میڈیا پوسٹس میں ایک نئی سیاسی جماعت ’امریکہ پارٹی‘ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔ ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ جب ہمارے ملک کو فضلے اور بدعنوانی کے ذریعہ دیوالیہ کرنے کی بات آتی ہے، تو ہم بس ایک جماعتی نظام میں رہتے ہیں، جمہوریت میں نہیں۔ امریکہ پارٹی آج آپ کو آپ کی آزادی واپس دلانے کے لیے بنائی گئی ہے۔