ایلون مسک کے والد پر بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے الزامات

   

نیویارک : 24ستمبر ( ایجنسیز ) دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک کے والد ایرول مسک ایک بار پھر شدید تنقید اور الزامات کی زد میں ہیں۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ایرول مسک پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرول مسک نے مبینہ طور پر اپنے 5 بچوں اور سوتیلے بچوں کے ساتھ زیادتی کی اور یہ سلسلہ 1993ء سے جاری ہے۔تحقیقات میں سامنے آئے پولیس و عدالت کے ریکارڈ، سماجی کارکنوں کی رپورٹس، ذاتی خطوط اور فیملی انٹرویوز سے یہ انکشاف ہوا کہ مبینہ زیادتی کے واقعات جنوبی افریقہ اور کیلیفورنیا میں پیش آئے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ ایرول مسک پر اس نوعیت کے الزامات سامنے آئے ہیں، ان کے خلاف کئی دہائیوں سے مختلف اوقات میں ایسے سنگین الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔1993ء میں ان کی 4 سالہ سوتیلی بیٹی نے خاندان کو بتایا کہ انہیں گھر میں نامناسب انداز میں چھوا گیا، بعد ازاں میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ایرول مسک کا اپنی تیسری بیوی کی بیٹی یعنی سوتیلی بیٹی سے بھی ایک بچہ ہے۔2023ء میں ان کے پانچ سالہ بیٹے نے بھی الزام لگایا کہ باپ نے اسے غلط انداز میں چھوا، تاہم ان میں سے کسی بھی کیس میں ایرول مسک کو نہ تو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی سزا سنائی گئی۔ایرول مسک نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب بکواس اور بے بنیاد ہے۔یاد رہے کہ ایلون مسک پہلے بھی اپنے والد کو ایک خوفناک انسان قرار دے چکے ہیں اور دونوں کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔