اشون کو 5 وکٹیں،جڈیجہ کی 200 وکٹیں مکمل
وشاکھاپٹنم۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر ڈین ایلگر کی (160) اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک (111) کی شاندار سنچریوں اور ان کے درمیان چھٹی وکٹ کے لئے 164 کی بہترین شراکت کی بدولت جنوبی افریقہ نے ہندستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹ پر385 رنز بنا لئے لیکن تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے 128 رن پر پانچ وکٹ لے کر ٹیم کو مضبوط موقف میں پہنچا دیا ۔ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹ پر502 رنز کا اسکور بنا کر ڈکلئیر کیا تھا۔ دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ ہندستان کے اسکور سے 117 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کے دو وکٹ باقی ہیں۔ اشون نے کل دو وکٹ لئے تھے اور آج انہوں نے تین وکٹ لے کر کیریئر میں27 ویں بار اننگز میں پانچ وکٹ پورے کئے ۔جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر39 رنز سے آج آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ اوپنر ڈین ایلگر نے 27 اور تمبا باوما نے دو رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ایلگر نے287 گیندوں پر18 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 160 رنز بنائے اور ہندوستانی بولروں کو حاوی ہونے سے روکے رکھا۔ وکٹ کیپر ڈی کوک نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور163 گیندوں پر 16 چوکوں اور دو چھکوں کے سہارے 111 رنز بنائے ۔ کپتان فاف ڈو پلیسس نے 103 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے55 رن بنائے ۔ مہمان ٹیم کی اننگز میں گرے آٹھ وکٹوں میں سات وکٹ ہندوستانی اسپنروں کے حصے میں گئے ۔ آف اسپنر اشون نے41 اوور میں 128 رن پر پانچ وکٹ اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے 37 اوور میں 116 رن پر دو وکٹ لئے اور اس دوران انہوں نے اپنے 200 وکٹیں بھی مکمل کرلی ۔ ایشانت شرما نے 14 اوور میں44 رنز پر ایک وکٹ لیا۔ ایلگر نے اپنے کیریئر کی 12 ویں سنچری بنائی جبکہ 26 سالہ ڈی کوک نے اپنی پانچویں سنچری بنائی۔ ایلگر نے جڈیجہ کی گیند پر چتیشور پجارا کو کیچ دیا۔ ڈی کوک کو اشون نے بولڈکیا۔ایلگر نے ہندوستان کے خلاف پہلی سنچری لگائی۔ انہوں نے ڈی کوک کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 164 رن کی اہم شراکت کی۔ ایلگر نے287 گیندوں کی اننگز میں 18 چوکے اور4 چھکے لگائے ۔کپتان ڈو پلیسس نے اپنی20 ویں نصف سنچری بنائی۔ وہ55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ایلگر اور ڈو پلیسس نے پانچویں وکٹ کے لئے 115 رن کی ساجھے داری کی۔ تمبا باوما نے 18 رن بنائے ۔ باوماکو ایشانت شرما نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ تیسرے دن کے اختتام پر سینوران متھوسامي12 اورکیشو مہاراج تین رنز بنا کر کریز پر تھے ۔اشون نے کل ایڈن مارکرم اور تھیونس ڈی برن کے وکٹ لئے تھے اور آج انہوں نے ڈو پلیسس، ڈی کوک اور ورنان فلینڈرکو آؤٹ کیا جبکہ جڈیجہ نے ایلگر کا قیمتی وکٹ لیا۔جڈیجہ نے ایلگر کو آؤٹ کر ٹسٹ میں200 وکٹ پورے کر لئے ۔ وہ سب سے کم ٹسٹ میں اس ہندسے تک پہنچنے والے بائیں ہاتھ کے بولر بنے ہیں۔ انہوں نے44 ٹسٹ میں 200 وکٹ پورے کئے ۔