ایل آر ایس اسکیم :حکومت کو تلنگانہ ہائیکورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد۔تلنگانہ ہائیکورٹ نے لے آؤٹ ریگولرائزیشن اسکیم
(LRS)
کی آخری تاریخ میں توسیع سے متعلق ریاستی حکومت سے سوال کیا ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل بنچ نے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد سے کہا کہ وہ اس بارے میں عدالت کو مطلع کریں۔ بعض ایڈوکیٹس نے اس سلسلہ میں پیش کی گئی درخواستوں کی سماعت کی اپیل کی تھی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کے فیصلہ کا پتہ چلانے کیلئے وقت مانگا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت 5 نومبر کو مقرر کی ہے۔عدالت نے چیف سکریٹری کے علاوہ پنچایت راج اور میونسپل اڈمنسٹریشن کے پرنسپل سکریٹریز کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو نوٹس جاری کی ہے۔ مفاد عامہ کی درخواست میں جی او 131 کو معطل کرنے کی اپیل کی گئی جس کے تحت حکومت نے تمام غیر منظورہ اور غیر قانونی لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں3 علحدہ مفاد عامہ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ کانگریس ایم پی ریونت ریڈی کے وکیل نے جی او 111 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رنگاریڈی کے جنواڑہ علاقہ میں تعمیر غیر مجاز فارم ہاؤز کی نیشنل گرین ٹریبیونل کی جانب سے تحقیقات کا مسئلہ اٹھایا۔ عدالت کی جانب سے تحقیقات پر جاری کردہ حکم التواء سے دستبرداری کی اپیل کی۔ عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 16 نومبر کو مقرر کی ہے، کیونکہ وہ دہلی میں ہیں۔