جموں: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گلپور سیکٹر میں تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری کے بعد سیکورٹی فورسز نے گرفتارشدگان کے رہائشی مکانوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے گلپور سیکٹر میں چہارشنبہ کو علی الصبح فوج نے ایک مختصر تصادم کے دوران تین مقامی عسکریت پسندوں کو حراست میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے بعد پتہ چلا کہ تینوں پونچھ کے کرمارا علاقے کے رہنے والے ہیں جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔انہوں نے مزید کہاکہ گرفتار شدگان کے رہائشی مکانوں کی بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کی گئی جبکہ آس پاس ان کے رشتہ داروں کے گھروں کو بھی کھنگالا جارہا ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی آپریشن جاری تھا۔
کھٹر کا شہید فوجی نریندر کمار کو خراج عقیدت
چنڈی گڑھ: ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے منی پور میں شدت پسندوں سے تصادم میں شہید ہونے والے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان نریندر کمار کو خراج عقیدت پیش کیا۔شہید نریندر کمار ضلع بھیوانی کے گاؤں لالاواس کے رہنے والے تھے کھٹر نے آج ٹویٹ کرکے خدا سے مرحوم کو سکون اور سوگوار کنبہ کو صبر کے لئے دعا کی۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔غور طلب ہے کہ منگل کو ان کا دستہ دو برادریوں کے درمیان تنازعہ میں ثالثی کرنے گیا تھا۔ اسی دوران شدت پسندوں نے جوانوں پر حملہ کردیا جس میں کانسٹیبل نریندر کمار سر میں گولی لگنے سے شہید ہوگئے ۔