ایل آر ایس سے متعلق حکومت تلنگانہ کی وضاحت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد :۔ حکومت تلنگانہ نے منگل کو احکام جاری کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ آتھرائزڈ لے آوٹس میں کھلے پلاٹس یا قبل ازیں لینڈ ریگولرائزیشن اسکیم ( ایل آر ایس ) کے تحت ریگولرائزڈ اور قبل ازیں بلڈنگ پنلائزیشن اسکیم ( بی پی ایس ) یا بلڈنگ ریگولرائزیشن اسکیم ( بی آر ایس ) کے تحت کورڈ بلڈنگس یا اسٹرکچرس کے رجسٹریشن پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ حکومت نے ایل آر ایس درخواست گذاروں کو ایل آر ایس فیس ادا کئے بغیر ان کے پلاٹس کو فروخت کرنے کی بھی اجازت دی ۔ریاستی حکومت کی جانب سے عمل درآمد کئے جارہے ایل آر ایس کے تناظر میں اس طرح کی جائیدادوں کے رجسٹریشن پر ہونے والی الجھن کے درمیان قبل ازیں جاری کئے گئے ہدایات میں جزوی ترمیم کے ساتھ یہ وضاحت جاری کی گئی ۔ تلنگانہ میں ایل آر ایس کے تحت لینڈس کو باقاعدہ بنانے کے لیے 25 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں ۔ ان میں اکثریت انفرادی پلاٹ اونرس کی ہے جو پلاٹس کے ریگولرائزیشن ہونے کا انتظار کررہے ہیں تاکہ انہیں فروخت کرتے ہوئے مالی ضرورتوں کو پورا کریں ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پلاٹ مالکین کے مسائل کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت نے انہیں ایل آر ایس کے بغیر پلاٹس فروخت کرنے کی اجازت دی ہے ۔ کمشنریٹ آف انسپکٹر ۔ جنرل رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس نے ایک سرکیولر میں کہا کہ ’ کھلے پلاٹس / عمارتوں کا رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے اگر انہیں ان کے موجودہ مالک کی جانب سے درخواست رجسٹرڈ ڈاکومنٹ کے ذریعہ حاصل کیا گیا ہو ‘ ۔