حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ ایل ایل بی کورس میں داخلہ کیلئے امیدوار کا ریگولر طریقہ سے گریجویشن کرنا لازمی رہے گا۔ ایکسٹرنل یا ڈسٹنس طریقہ سے گریجویشن کامیاب کرنے والے امیدوار داخلہ کے اہل نہیں ہوں گے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے حکومت کی اپیل پر یہ فیصلہ سنایا۔ بار کونسل آف انڈیا کے قواعد کے مطابق صرف ریگولر گریجویٹ امیدوار ایل ایل بی کورس میں داخلہ کے اہل قرار پائیں گے۔ ہائی کورٹ نے ڈسٹینس اور ایکسٹرنل طریقہ سے ڈگری کامیاب کرنے والے بعض امیدواروں کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ بعض درخواست گذار ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات ریگولر طریقہ سے کامیاب کئے جبکہ بی اے کی ڈگری عثمانیہ یونیورسٹی سے ایکسٹرنل یا ڈسٹینس طریقہ سے 1999 میں حاصل کی۔ انہوں نے 2019 میں تلنگانہ لاء سیٹ میں حصہ لیتے ہوئے کوالیفائی قرار پائے لیکن عثمانیہ یونیورسٹی کے حکام نے ریاست کے کسی بھی لاء کالج میں نشست کی فراہمی سے انکار کردیا کیونکہ گریجویشن ریگولر نہیں ہے۔ متاثرہ طلبہ نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جس پر سنگل جج نے عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے حکام کو داخلہ دینے کی ہدایت دی۔ سنگل جج کے احکامات کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کی۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس این تکا رام جی نے درخواست گذاروں کی اپیل کو نا منظور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسل کے قواعد کے مطابق گریجویشن ریگولر انداز میں کرنا چاہیئے۔ر
مودی کا مطلب ہی افراط زر ، کانگریس کے قومی ترجمان کا بیان
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے قومی ترجمان موہن پرکاش نے جو مودی حکومت کی لوٹ مار کے خلاف کانگریس کی مہم کے سلسلہ میں حیدرآباد میں ہیں، کہاکہ نئے سال کے لئے مودی حکومت کا تحفہ مہنگائی اور افراط زر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی کا مطلب ہی مہنگائی اور افراط زر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں اِس وقت جتنی بے روزگاری ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔