راجیو یوواوکاسم پر جلد فیصلہ، مہیندر ریڈی، عبید اللہ کوتوال اور مدھو یاشکی کوڑ کی شرکت
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں غریب اور مستحق اقلیتی خواتین میں 200 سلائی مشین تقسیم کئے گئے۔ صدر نشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال، قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ پی مہیندر ریڈی، ایل بی نگر کے انچارج اور سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ، صدر نشین کرسچن فینانس کارپوریشن دیپک جان اور رام ریڈی موجود تھے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے تمام اسمبلی حلقہ جات میں غریب اقلیتی خواتین میں سلائی مشین کی تقسیم کے ذریعہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رکن کونسل پی مہیندر ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی ترقی میں سنجیدہ ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تمام طبقات کی بھلائی کے لئے کئی اسکیمات متعارف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچن فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اقلیتوں کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس متعارف کئے جائیں گے۔ عبید اللہ کوتوال نے اسکیم کی منظوری کے لئے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ دوسرے مرحلہ میں 40 ہزار سے زائد سلائی مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو یوواوکاسم اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کو جلد ہی قطعیت دی جائے گی۔ اسکیم کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو کاروبار کے لئے سبسیڈی پر مبنی قرض فراہم کیا جائے گا۔ سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے موثر طور پر استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے دیڑھ سال کی مدت میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے علاوہ کمزور طبقات کے لئے نئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ 1