حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایسٹ زون کے ایل بی نگر علاقہ میں تمام تالاب اور جھیلوں میں پانی کی سطح مکمل ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں اطراف کے نشیبی علاقوں میں موجود کالونیوں اور آبادیوں کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے نتیجہ میں ایل بی نگر میں جھیلوں کے اطراف کی آبادیوں میں خوف کا ماحول ہے۔ ایل بی نگر زون ہمیشہ بارش میں سب سے زیادہ متاثر رہا ہے جہاں تقریباً 10 تا 12 جھیلیں ہیں اور جاریہ مانسون میں تمام جھیلوں میں سطح آب مکمل ہوچکی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ناگول، بنڈلہ گوڑہ، رامنتا پور، سرور نگر، بہرامل گوڑہ اور دیگر جھیلوں میں اضافی پانی کو چھوڑنے کا آغاز ہوچکا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 برسوں سے ہر مانسون میں ان کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ بارش کے ساتھ ہی گھروں میں پانی کا داخل ہونا معمول بن چکا ہے۔ گزشتہ سال شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں ایل بی نگر اور سرور نگر کے کئی علاقے زیر آب آگئے تھے اور بھاری مالی نقصانات ہوئے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام تالابوں اور جھیلوں کے لبریز ہونے سے عوام کو نقصانات سے بچانے کیلئے ہنگامی ایکشن پلان کی تیاری کررہے ہیں لیکن مقامی عوام کو عہدیداروں کے وعدوں پر کوئی بھروسہ نہیں۔
