ایل بی نگر فلائی اوور برج کی تعمیر مکمل

   

حیدرآباد ۔ 9 فبروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے اہم مقام دلسکھ نگر تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ کی سمت پر واقع ایل بی نگر کے مقام پر پائے جانے والے ٹریفک کے پیچیدہ طویل مدتی مسئلہ کی یکسوئی کرنے کیلئے حکومت نے ایل بی نگر کے مقام پر فلائی اوور برج کی تعمیر کو مکمل کرتے ہوئے نہ صرف عوام کو راحت فراہم کرنے کا اقدام کیا کیونکہ ایل بی نگر کے مقام پر ٹریفک کے انتہائی پیچیدہ مسائل درپیش ہورہے تھے۔ طویل وقت تک ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوجانے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ ایل بی نگر فلائی اوور برج کے تعمیری کاموں کی روشنی میں اب یہ فلائی اوور برج افتتاح کا منتظر ہے۔ اس فلائی اوور برج کی تعمیر پر جملہ 42 کروڑ روپیوں کے مصارف عائد ہوتے ہیں۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے بعد افتتاحی تاریخ کو قطعیت دی جائے گی۔ فلائی اوور برج کا افتتاح کے بعد دلسکھ نگر تا حیات نگر (وجئے واڑہ روڈ) فری سہولت رہے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ایس آر ڈی پی اسکیم کے پہلے مرحلہ کے ایک حصہ کے طور پر ایل بی نگر جنکشن کو ٹریفک مسائل سے آزاد کرنے جملہ 448 کروڑ روپئے کے مصارف سے مختلف مقامات پر فلائی اوور پر جس انڈر پاس تعمیرات عمل میں لانے کے اقدامات کئے گئے جس کے ایک حصہ کے طور پر ہی 42 کروڑ روپیوں کے مصارف سے ایل بی نگر چوراہے پر دلسکھ نگر تا وجئے واڑہ جانے کی سمت پر فلائی اوور برج کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ اس طرح دلسکھ نگر تا حیات نگر کی سمت جانے والی ٹریفک کو اب سگنل وغیرہ پر رکے بغیر راست فلائی اوور برج سے گزرنے کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔