ایل بی نگر میں خواتین کیلئے مخصوص پارک کے بشمول 2 تھیم پارکس

   

حیدرآباد۔ حیدرآباد میں عوام بالخصوص سینئر سٹیزنس، خواتین اور بچوں کو آلودگی سے پاک تفریحی مقامات مہیا کرنے کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن تھیم پارکس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ کھیل کود کے علاوہ چہل قدمی اور تفریحی مقامات کے طور پر ایل بی نگر کے علاقہ میں 2 تھیم پارکس کے قیام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ٹیچرس کالونی میں قائم کئے جانے والے تھیم پارک میں اہم اور سرکردہ خاتون قومی شخصیتوں کے مجسمے نصب کئے جائیں گے جبکہ دوسرا پارک حیدر نگر میں قائم کیا جائے گا جہاں کھیل کود کی سہولتوں اور خاص طور پر ٹینس کورٹ اور بچوں کیلئے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں دونوں پارکس کیلئے اراضی کی نشاندہی کرلی ہے۔ 1.5 تا 5 ایکر کھلی اراضی پر یہ پارکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ یہ کھلی اراضی کچرے کے ڈمپنگ یارڈ کے طور پر استعمال کی جارہی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ 2 کروڑ روپئے کے خرچ سے دونوں پارکس کا تعمیری کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ فروری کے اختتام تک یہ عوام کیلئے تیار ہوجائیں گے۔ ٹیچرس کالونی کا تھیم پارک خواتین کیلئے مخصوص رہے گا جس میں سماج میں خواتین کی ترقی اور قومی ترقی میں اہم رول ادا کرنے والی خاتون شخصیتوں کی زندگی سے متعلق تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ جی ایچ ایم سی حکام نے بچوں کیلئے کھیل کود کے کٹس کے علاوہ پلے کورٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ واکنگ ٹریک کے علاوہ بیٹھنے کیلئے بنچس، صاف پینے کے پانی کی سربراہی، واش رومس، سیکوریٹی روم ، رین ہارویسٹنگ ایریا، کیفٹیریا، اوپن جم، یوگا سنٹر اور پلے کورٹس جیسی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ حکام نے بتایا کہ مختلف اقسام کے 250 درخت لگائے جارہے ہیں جن میں میڈیسن پلانٹ اور پھولوں کے پودے شامل ہیں۔ ایل بی نگر زون میں تھیم پارکس کے علاوہ 11 دوسرے پارکس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 50 سے زائد تھیم پارکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔