ایل بی نگر میں غیرقانونی گٹکھا کی تیاری کا یونٹ بے نقاب

   

حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے گٹکھا تیار کرنے والے ایک یونٹ کو بے نقاب کردیا۔ انسپکٹر روی کمار کی ٹیم نے بالاپور پولیس حدود میں مختلف مقامات پر دھاوا کیا۔ ایس او ٹی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دی اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ علیحدہ مقامات پر کارروائی کے دوران پولیس نے بڑے پیمانے پر گٹکھا تیار کرنے والی اشیاء اور پیاکنگ کی مشنری کو بھی ضبط کرلیا۔ ان مقامات پر گٹکھا تیار کرنے اور خام اشیاء کا ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ایس او ٹی نے گوا 1000 برینڈ کی تیاری کا پردہ فاش کیا اور تمام اشیاء کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کی جملہ مالیت تقریباً 30 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ایس او ٹی نے گرفتار افراد اور ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ بالاپور پولیس کے حوالے کردیا۔