حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بہرامل گوڑہ جنکشن پر زیر تعمیر فلائی اوور سلاب کا ایک حصہ منہدم ہونے سے زخمی ہونے والے ورکرس کی ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی۔ ایل بی نگر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ایس آر ڈی پی پراجکٹ کے تحت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ملٹی لیول سپریٹرس کی تعمیر کا کام مسرز بی ایس سی پی ایل انفرا لمیٹیڈ کو الاٹ کیا ہے اور یہ کام جاری ہے۔ بہرامل گوڑہ تعمیری کام کے دوران اچانک فلائی اوور کے ایک حصہ کا کام کل رات شروع ہوا تھا اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ کام کے آخری مرحلہ میں اچانک صبح 3 بجے سلاب کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں ایک سائیٹ انجینئر کے بشمول 9 افرد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کمس ہاسپٹل سکندرآباد میں علاج کیلئے شریک کیا گیا۔ سات زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ دو زخمیوں کو علاج کیلئے شریک کرلیا گیا جن میں ایک کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ ایک اور زخمی کو آبزرویشن میں رکھا گیا ہے۔ اس واقعہ میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا اور ٹریفک میں کوئی خلل نہیں پڑا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ریاستی وزیر سرینواس یادو اور رکن اسمبلی سریدھر ریڈی کے ہمراہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور حکومت کی جانب سے علاج کے مصارف برداشت کرنے کا تیقن دیا۔ کے ٹی آر نے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق کو اس واقعہ کی جانچ کرنے اور جے این ٹی یو یا کسی تیسرے ادارہ سے حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کی ہدایت دی۔ جی ایچ ایم سی کے چیف انجینئرس کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کی قیادت انجینئر انچیف کریں گے۔ یہ کمیٹی حادثہ کی وجوہات کی جانچ کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ر