وزار ت میں شمولیت کیلئے تلگودیشم ریاستی صدر کی شرط ۔ مشاورت جاری
حیدرآباد: تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کے صفائے کیلئے ٹی آر ایس کی جانب سے شروع کردہ مساعی میں رکاوٹ پیدا ہوچکی ہے۔ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی کابینہ سے برطرفی کے فوری بعد ٹی آر ایس نے صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا سے ربط قائم کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کی پیشکش کی تھی ۔ ایل رمنا پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ کریم نگر کے جگتیال اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ایٹالہ راجندر کے ساتھ پسماندہ طبقات کی تائید کو روکنے ایل رمنا کی شمولیت پر توجہ دی گئی لیکن لمحہ آخر میں یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رمنا نے ٹی آر ایس میں شمولیت کے لئے شرط رکھی ہے جو ٹی آر ایس قیادت کو قبول نہیں ہے۔ رمنا نے کونسل کی رکنیت کے ساتھ کابینہ میں شامل کرنے کی شرط رکھی ہے جبکہ ٹی آر ایس کی جانب سے صرف ایم ایل سی نشست کا پیشکش کیا گیا ہے۔ وزارت میں شمولیت کے مطالبہ کے بعد رمنا اور ٹی آر ایس قائدین میں مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ۔ اسی دوران ایل رمنا نے واضح کیا کہ انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں وہ اپنے حامیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ رمنا نے کہا کہ مجھے کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ عام انتخابات کیلئے کافی وقت ہے۔ میں اپنی سینیاریٹی اور رتبہ کے اعتبار سے فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے سابق میں بھی کئی مرتبہ پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے تلگو دیشم سے علحدگی اختیار نہیں کی۔ بی جے پی قائدین بھی رمنا سے ربط میں ہیں اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ٹی آر ایس قیادت ایل رمنا کو کابینہ میں شامل کرنے کے لئے تیار ہوگی یا نہیں ؟۔