حیدرآباد میں 912 روپے قیمت، ملک میں سب سے مہنگا
حیدرآباد ۔ 18 اگست (پریس نوٹ) مرکزی حکومت نے بغیر سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈرس کی قیمت میں 17 اگست سے 25 روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ اس طرح 14.2 کیلو گرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 25 روپے اضافے کے بعد حیدرآباد میں 912 روپے ہوگی جو ملک بھر میں سب سے مہنگا ہے۔ ایل پی جی سلنڈرس کی قیمت میں ایسے وقت اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔ قبل ازیں یکم جولائی کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 25.50 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ عام طور پر آئیل مارکٹنگ کمپنیاں ہر ماہ کے آغاز پر پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کرتی ہیں لیکن اس مرتبہ وسط اگست میں اضافہ کا اعلان کیا گیا۔ جولائی میں قیمتوں میں اضافہ کے بعد ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 861 روپے سے بڑھ کر 887 روپے ہوگئی تھی۔ ریاستی حکومتوں کی جانب سے مقامی ٹیکس عائد کرنے کے بعد ایل پی جی سلنڈرس کی قیمتیں مختلف ریاستوں میں الگ الگ ہوتی ہیں۔
