کانگریس اور ٹی ایم سی کی حکومت پر تنقید ‘ فیصلہ واپس لینے کمیونسٹ پارٹی کا مطالبہ
نئی دہلی ، 8/ مارچ (ایجنسیز)گھریلو اور کمرشیل ایل پی جی سلنڈرز کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے اتوار کو احتجاج کیا اور حکومت سے اضافہ قیمت کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ترنمول کانگریس کی خاتون کارکنوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اتوار کو ایک مارچ نکال اور گھروں کو درپیش مشکلات کو علامتی طور پر پیش کرنے کے لیے خالی برتنوں کے ساتھ مظاہرہ کیا ۔یوم خواتین کے موقع پر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس نے بھی احتجاج۔کانگریس پارٹی کی گوا یونٹ کی خواتین لیڈروں نے اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے یاد کیا کہ کس طرح بی جے پی مہیلا مورچہ نے 2012 میں ایل پی جی سلنڈروں میں معمولی اضافے کیخلاف احتجاج کیا تھا۔ منیشا اسگاؤںکر، پرتیبھا بورکر، مکتمالا فونڈویکر اور دیگر سمیت لیڈران نے احتجاج میں حصہ لیا۔سی پی آئی (ایم) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کرنے کے حکومت کے عوام مخالف فیصلے کی مذمت کی اور اس پر ٹیکسوں کو کم کرنے سے انکار کرنے کا الزام لگایا۔ گھریلو سلنڈروں کیلئے 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کے لیے 114.50 روپے کا اضافہ غریب مستحقین اور متوسط طبقے پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔ پارٹی نے مغربی ایشیائی تنازعات کو جواز کے طور پر مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر اس فیصلہ سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے وزیر اعظم کو ’مہنگائی مین‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت مہنگائی کا بوجھ سیدھے عام لوگوں پر ڈال رہی ہے۔کانگریس نے کہا کہ مودی حکومت نے گھریلو ایل پی جی سلنڈرز کی قیمت 60 روپے بڑھا کر عام خاندانوں کے بجٹ پر سیدھا حملہ کیا ہے۔ پارٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ 3 مہینوں میں کمرشیل سلنڈر کی قیمت 307 روپے تک بڑھ چکی ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے پٹرولیم و قدرتی گیس کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری پر ان کے پرانے بیان کے لیے تلخ تبصرہ کیا ہے۔اس درمیان ترنمول کانگریس نے بھی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پرتنقید کی ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی پہلے ہی ایس آئی آر معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن کے خلاف دھرنا دے رہی ہیں، اب ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کے خلاف بھی ریالی نکالی گئی۔ممتا بنرجی نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم قیمتوں میں اس اضافہ کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔