صارفین کیلئے 1967 ٹول فری ہیلپ لائن نمبر
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں ایل پی جی کی قلت سے نمٹنے کے لئے محکمہ سیول سپلائز نے 24 گھنٹے کارکرد رہنے والے ملٹی ایجنسی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا قیام عمل میں لایا ہے۔ ریاست بھر میں ایل پی جی کی مناسب سربراہی کی نگرانی اور قلت سے نمٹنے میں یہ سنٹر کارکرد ثابت ہوگا۔ کمشنر سیول سپلائز اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ ایل پی جی سلینڈرس کی منتقلی اور اسٹاک کی دستیابی پر نظر رکھی جائے گی۔ جی پی ایس پر مبنی نگرانکار سسٹم کی مدد حاصل کی جارہی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں گھریلو اور تجارتی صارفین کی بڑھتی مانگ کو دیکھتے ہوئے محکمہ سیول سپلائز نے موثر نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ سربراہی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی اور کمرشیل سیکٹر کو ان کی طلب کے اعتبار سے سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ضلع واری سطح پر ایل پی جی سربراہی اور اسٹاک پر حکومت راست طور پر نگرانی رکھتے ہوئے قلت کی صورتحال کو نمٹنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو کسی تاخیر کے بغیر سلینڈر کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت نے آئیل مارکٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ ایل پی جی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم کا استعمال کریں۔ انڈین آئیل کارپوریشن، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم کے نمائندوں کو حکومت کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ صارفین کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبر 1967 کو متحرک کیا گیا ہے جہاں عوام ایل پی جی سربراہی سے متعلق اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی شکایات کے لئے 1967 ریاست گیر سطح پر ٹول فری ہیلپ لائن نمبر رہے گا۔ 1