ایل پی جی گیس سلنڈر کے بحران پر بی آر ایس کا احتجاج

   

مستقبل میں گیس سیلنڈر کا وزن 14 کیلو سے گھٹاکر 10 کیلو کرنے کے ٹی آر کے خدشات
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں ایل پی جی گیس کی شدید قلت کے خلاف بی آر ایس نے آج اسمبلی کے قریب گن پارک پر زبردست احتجاج کیا۔ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کی قیادت میں بی آر ایس عوامی نمائندے احتجاج کرتے پلے کارڈس تھام کر اسمبلی پہونچے۔ ان کے ہاتھوں میں گیس سیلنڈر کے پلے کارڈس بھی تھے جو حکومت کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں پر تنقید کی۔ انھوں نے کہاکہ بین الاقوامی حالات کے بعد عوام کو سیلنڈر حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مرکزی حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ گیس سیلنڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے لیکن زمینی حالات یکسر الگ ہیں۔ عوام کو گیس سیلنڈرس دستیاب نہیں ہیں جبکہ ریاستی حکومت محکمہ پٹرولیم کے ساتھ معاملہ حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کے ٹی آر نے خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں گیس سیلنڈر کا وزن 14 کیلو سے کم کرکے 10 کیلو کیا جاسکتا ہے جس سے عوام پر مزید مالی بوجھ بڑھے گا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ مرکزی و ریاستی حکومتیں دوہرا رول ادا کرکے عوام کو گمراہ کررہی ہیں اور حقائق کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔ ایل پی جی سیلنڈرس کے بحران کو حل کرنے کی بجائے اس سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری گیس کی فراہمی کے تعلق سے وضاحت کرے اور مرکزی حکومت فوری مداخلت کرکے قلت کو دور کرنے اقدامات کرے۔2