15 لاکھ کا سونا اصل مالک کو لوٹا دیا ، لالچ پر دیانتداری غالب ، تعریفوں کی بارش
حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : مادی مفادات کے اس دور میں جہاں معمولی رقم بھی اکثر واپس نہیں کی جاتی وہاں ایک اسکراپ ڈیلر نے تقریبا 15 لاکھ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات اصل مالک کو لوٹا کر ایمانداری کی روشن مثال قائم کردی ۔ تفصیلات کے مطابق فریدہ آباد کے رہائشی اشوک شرما کا خاندان گزشتہ برس کمبھ میلے کے سفر پر جارہا تھا ۔ چوری کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے تقریبا 100 گرام سونے کے زیورات ایک ڈبے میں رکھ کر پرانے سامان کے ساتھ تھیلے میں چھپا دئیے ۔ دیوالی کی صفائی کے دوران غلط فہمی میں وہی تھیلا اسکراپ سمجھ کر مقامی ڈیلر حاجی اختر خان کو فروخت کردیا ۔ کچھ عرصے بعد جب زیورات کی گمشدگی کا احساس ہوا تو شرما خاندان نے ڈیلر سے رابطہ کیا مگر اس وقت کوئی سراغ نہیں ملا ۔ امیدیں تقریبا دم توڑ چکی تھیں ۔ چار ماہ بعد پرانا سامان چھانٹتے ہوئے حاجی اختر خان کو کاغذ میں لپٹے زیورات مل گئے ۔ انہوں نے فوری پولیس سے رابطہ کیا اور جتیش ملہوترہ اے سی پی کی موجودگی میں زیورات اصل مالک کے حوالے کردئیے ۔ اس موقع پر حاجی اختر خان نے کہا کہ یہ سونا میری محنت کی کمائی نہیں تھا ۔ اسے واپس کرنا میرا فرض تھا ۔ میرے گھر والوں نے بھی اس فیصلے میں میرا ساتھ دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس جتیش مہلوترا نے اختر خان کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ معاشرے میں دیانتداری ابھی زندہ ہے ۔ مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا پر بھی لوگ حاجی اختر خان کو ’’ 24 قیراط کا سونا ‘‘ قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں ۔ یہ واقعہ نہ صرف ایک فرد کی دیانتداری کی کہانی ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ سچائی اور امانت داری آج بھی معاشرے کی اصل دولت ہے ۔۔ 2