فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں کو جنوب مشرقی فرانس کے سرکاری دورے پر ایک شہری کی جانب سے تھپڑ مارا گیا ہے،سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منگل کو صدر میکخواں ویلانس شہر کے ایک علاقے میں موجود تھے جب ان کی جانب سے شہریوں کو روکنے کے لیے قائم ایک رکاوٹ کے قریب جانے پر یہ واقعہ پیش آیا۔یہاں سبز رنگ کی شرٹ میں ملبوس ایک شہری نے انھیں تھپڑ رسید کیا اور اس کے فوراً بعد سکیورٹی اہلکار میکخواں کو بچانے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ یہ اہلکار فرانسیسی صدر کو وہاں سے واپس کھینچ لیتے ہیں ،فرانس میں مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعے کے بعد دو شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جس وقت صدر میکخواں کو تھپڑ مارا گیا، اسی دوران ’ڈاؤن ود میکرون ازم‘ (یعنی میکخواں کا دور ختم) کا نعرہ بھی لگایا گیا تھا۔