پونے۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی صورت حال مسلسل بگڑتی جا رہی ہے۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ دواخانوں میں بیڈ بھی کم پڑنے لگے ہیں۔ کورونا وبا کے اس بحران کی گھڑی میں بھی کچھ لوگ مریضوں کو لوٹنے سے باز نہیںآ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ پونے میں سامنے آیا ہے جہاں ایک ایمبولینس نے کورونا کے مریض کو محض 7 کلومیٹر لیجانے کیلئے 8 ہزار روپئے وصول کرلئے۔ اس معاملہ میں اب ایمبولنس کے خلاف ایف آئی درج کرائی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق، پونیکے ببویباڑی میں ایک کورونا مریض نے ہاسپٹل پہنچنے کیلئے ایمبولینس بلائی تھی۔ مریض سے ایمبولینس نے ببویباڑی سے دیناناتھ اسپتال جانے کیلئے 8 ہزار روپئے لئے جبکہ مریض کے گھر سے دواخانہ کی دوری محض 7 کلومیٹر ہے۔ اس معاملہ میں مریض نے اب ضلع مجسٹریٹ سے شکایت کی ہے۔ مریض کی شکایت پر ایمبولینس مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔جانچ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ یہ ایمبولینس سیوا، سنجیونی ایمبولنس سروس کے نام سے چلائی جا رہی تھی جبکہ اس کا لائسنس موبائل کلینک کے نام پر تھا۔ موٹر وہیکل انسپکٹر کی طرف سے بھی مقامی پولیس اسٹیشن میں ایمبولنس کے مالک کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔