پالگھر۔ 20 ستمبر (یو این آئی) پالگھر ضلع میں ایک دردناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب 16 ماہ کا بچہ زندگی کی بازی ہار گیا کیونکہ اسے لے جانے والی ایمبولینس ممبئی-احمد آباد ہائی وے پر طویل ٹریفک جام میں پھنس گئی۔ بچہ پیلہار علاقے میں اپنی دادی کے گھر ٹھہرا ہوا تھا اور کھیلتے کھیلتے چوتھی منزل کی بالکونی سے گر پڑا، جس سے اس کے پیٹ پر شدید چوٹیں آئیں۔ پڑوسیوں کے مطابق زخمی بچے کو پہلے موٹر سائیکل کے ذریعہ نائگاؤں کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد فوری طور پر ممبئی کے ایک بڑے اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ کنبے نے ایمبولینس کا انتظام کیا لیکن تھانے ۔گھوڈبندر روڈ پر مرمتی کام کے باعث گاڑی صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک ٹریفک میں پھنسی رہی۔ مزید انتظار نہ کر سکنے پر ایمبولینس کو ساسون نوگھر کے ایک اسپتال کی طرف موڑ دیا گیا، تاہم وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ابتایا کہ بچہ اسپتال لائے جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ اس واقعہ پر مقامی باشندوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ناقص منصوبہ بندی اور ہنگامی انتظامات کی کمی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔