اکٹوبر کے اواخر تک 100 کیلومیٹر فاصلے طئے کرنے والا ڈرون تیار ہوگا ، ٹی ورکس کا دعوی
حیدرآباد /15 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے دور دراز جنگلاتی علاقے اور دریاؤں کے کنارے ایمرجنسی ادویات اور ویکسین کی منتقلی کیلئے ڈرون کی خدمات سے استفادہ کیا گیا ۔ دن بہ دن اس کے دوڑنے کی صلاحیت ( رینج ) میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ابتداء میں تجرباتی طور پر ضلع وقارآباد میں 500 میٹر تک ادویات کی منتقلی کیلئے اس کا استعمال کیا گیا ۔ ٹی ورکس کی جانب سے تیار کردہ بغیر پائلیٹ کی فضائی گاڑی
(UAV)
کی کارکردگی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے ۔ پہلے 500 میٹر کے فاصلے پر ادویات منتقل کی گئی ۔ اس کے بعد 2 کیلومیٹر اور 5 کیلومیٹر اس کے بعد 25-20 اور 33 کیلومیٹر تک ایمرجنسی ادویات منتقل کی گئی ۔ حال ہی میں 33 منٹ کے دوران 45 کیلومیٹر فاصلے تک سفر کرنے والا ایربورن میڈیکل ٹرانسپورٹ ( اے ایم آر ٹی25) ہائی بریڈ ڈرون تیار کیا گیا ہے ۔ جمعرات کو اس کا تجربہ کامیاب رہا اور جمعہ سے خدمات فراہم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ ٹی ورکس کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سنجئے کارم پوری نے بتایا کہ اکٹوبر کے اواخر تک 100 کیلومیٹر فاصلہ طئے کرنے والے بغیر پائلیٹ کی فضائی گاڑی تیار کی جائے گی ۔ جس میں 3.5 کیلو وزنی اشیاء منتقلی کرنے کی گنجائش ہوگی ۔ فی الحال ڈرون میں استعمال کی جانے والی بیاٹری کو 20 تا 25 کیلومیٹر کے بعد ری چارج کرنا پڑتا ہے یا تبدیل کرنا پڑتا ہے ۔ تاہم ٹی ورکس کی جانب سے تیار کردہ ڈرون کی بیاٹری 100 کیلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ن