نئی دہلی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ہندوستان میں پھنسے ایک دوسرے کے شہریوں کو اپنے اپنے مقام کو واپسی کیلئے ایک اور خصوصی انتظام کیا جارہا ہے۔ دبئی کی ایمریٹس ایرلائن پانچ ہندوستانی شہروں کیلئے 12 اور 26 جولائی کے درمیان وطن واپسی کیلئے خصوصی پروازیں چلائے گی تاکہ پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو وطن واپس ہونے اور انڈیا میں موجود یو اے ای کے مقیم افراد کو خلیجی مملکت واپس ہونے میں مدد کی جاسکے۔ اسی مدت میں چار ہندوستانی شہروں سے راس ال خیمہ (یو اے ای) کیلئے اسپائس جٹ کی فلائٹس چلائی جائیں گی۔ ایمریٹس کے ہفتہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فلائٹس بنگلورو، دہلی، کوچی، ممبئی اور تھرواننتاپورم کیلئے چلیں گی۔ یو اے ای میں پھنسے صرف ہندوستانی شہریوں کو ہی دبئی سے پانچ ہندوستانی منازل کیلئے پرواز کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اسپائس جٹ کی پروازیں دہلی، ممبئی، کوزی کوڈ اور کوچی سے یو اے ای کیلئے چلیں گی۔
