پرچہ سوالات کو قطعیت دینے کمیٹی کی تشکیل، 30 فیصد نصاب کی کٹوتی
حیدرآباد: ایمسٹ میں حصہ لینے والے طلبہ کو مکمل نصاب کا مطالعہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت نے انٹرمیڈیٹ کے 70 فیصد نصاب کی بنیاد پر ایمسٹ امتحان منعقدکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نصاب میں 30 فیصد کی کٹوتی کی گئی ہے تاکہ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں تعلیمی اداروں میں بند رہنے سے جو نقصان ہوا ہے، اس کی پابجائی کی جاسکے ۔ گزشتہ سال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے سکنڈ ایئر کے نصاب میں 30 فیصد کی کمی کردی تھی ۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رامچندرن نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ 70 فیصد نصاب کی بنیاد پر ایمسٹ امتحان منعقد کیا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عنقریب ایمسٹ کے نصاب کو قطعیت دی جائے گی۔ ایمسٹ امتحانات کے سوالات کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ عہدیداروں نے ایمسٹ میں انٹر کے نشانات پر دیئے جانے والے ویٹیج کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایمسٹ میں 25 فیصد ویٹیج دیا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جون کے تیسرے ہفتہ میں ایمسٹ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین پاپی ریڈی نے بتایا کہ کونسل امتحانات کی تاریخ کا تعین کر رہا ہے ۔ ٹاٹا کنسلٹنسی سرویس اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سے مشاورت کی جارہی ہے ۔ بورڈ نے یکم مئی تا 20 مئی انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کی تیاری کرلی ہے۔ تاہم ٹائم ٹیبل کی اجرائی ابھی باقی ہے۔