حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے گزشتہ تین برسوں کے دوران ایمسٹ، نیٹ، آئی ائی ٹی، جے ای ای کے مختصر مدگی سمر کوچنگ کلاسس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ 2018-19ء میں ماہرین کے ذریعہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے دفتر سے کلاسس کا اہتمام کیا گیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ جاریہ سال کورونا وائرس لاک ڈائون کے نتیجہ میں سمر کوچنگ یا آف لائین کلاسس کا اہتمام نہیں کیا جاسکا۔ لہٰذا آف لائین ویڈیو کلاسس سے استفادہ کے لیے مختلف ویب سائٹ لنکس جاری کئے گئے ہیں۔ ان لنکس پر مفت میں کلاسس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ ضلعی دفاتر، گورنمنٹ جونیئر کالجس کے پرنسپلس اور متعلقہ لیکچررس کو لنک فراہم کیا گیا ہے تاکہ ایمسٹ، نیٹ، آئی آئی ٹی، جے ای ای کے طلبہ استفادہ کرسکیں۔ تمام جونیئر کالج پرنسپل کو واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ تفصیلات روانہ کی گئی ہیں۔ طلبہ کو آن لائین اسٹیڈی مٹیریل بھی سربراہ کیا جارہا ہے۔ امتحانات کا شیڈول 20 اپریل سے شروع ہوگا جس کی تفصیلات کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے انٹرمیڈیٹ طلبہ کی مدد کے لیے مختلف نفسیاتی ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں جن سے طلبہ ٹیلی فون پر ربط قائم کرتے ہوئے تعلیم سے متعلق دشواریوں کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔
