ایمسٹ کیلئے طلبہ کا زبردست ردعمل، 2.42 لاکھ درخواستیں وصول

   

انجینئرنگ کیلئے 1,59,902 اور اگریکلچر اینڈ میڈیکل کیلئے 82,923 درخواستیں

حیدرآباد ۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں جاریہ سال ایمسٹ کے لئے طلبہ کی جانب سے شاندار ردعمل حاصل ہو رہا ہے۔ تاحال تقریباً 2.42 لاکھ طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ گزشتہ سال کی بہ نسبت 15 ہزار سے زائد ہیں۔ درخواستیں داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے بعد اس میں مزید اضافہ کا مکان ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر حکومت نے اس سال انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو منسوخ کرتے ہوئے فیس داخل کرنے والے تمام طلبہ کو کامیاب بنایا ہے۔ نتائج کی بھی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ایمسٹ کی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ساتھ ہی انجینرئنگ کورس میں داخلہ لینے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ابھی تک ایمسٹ کے لئے جملہ 2,42,825 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس میں انجینئرنگ کے لئے 1,59,902 لاکھ درخواستیں اور اگریکلچر اور میڈیکل کے لئے 82,923 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ بغیر کسی جرمانہ کے 8 جولائی تک 500 روپے جرمانہ کے ساتھ 29 جولائی تک درخواستیں داخل کرنے کی طلبہ کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 4,5,6 اگسٹ کو انجینئرنگ 8 اور 10 کو اگریکلچر اینڈ میڈیکل کے امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سال پالی سیٹ کے لئے بھی بڑے پیمانے پر درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ گزشتہ سال 73,920 طلبہ نے درخواستیں داخل کی تھی جاریہ سال 1,02,495 لاکھ طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ جاریہ سال پالی سیٹ کے لئے 28,575 زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔