ایمسٹ کے ساتھ دیگر سیٹس کے امتحانات ملتوی ہونے کا امکان

   

ترمیمی شیڈول جاری کرنے کی تیاریاں، 25 جولائی سے اگست کے اواخر تک امتحانات منعقد کرنے کا جائزہ
حیدرآباد: ریاست میں ایمسٹ کے علاوہ دوسرے اہلیت امتحانات ملتوی ہونے کا امکان ہے ۔ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے امتحانات منسوخ کرنے کے بعد طلبہ نے اپنی ساری توجہ ایمسٹ اور دوسرے اہلیتی امتحانات پر مرکوز کردی ہے ۔ ریاست میں ابھی تک کورونا پوری طرح کنٹرول میں نہیں آیا اور طلبہ کو ایمسٹ کی تیاریوں کیلئے کم از کم 6 ہفتوں کا وقت دینے پر ہائیر ایجوکیشن کونسل سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ پہلے سے طئے شدہ شیڈول آئندہ ماہ 5 تا 9 جولائی ، اگریکلچر اورانجنیئرنگ ایمسٹ امتحانات کو ملتوی کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بہت جلد ترمیم شدہ شیڈول جاری کرنے کے امکانات ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس مسئلہ پر حکومت سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ آن لائین امتحانات کا انعقاد کرنے والے ادارے ٹی ایس سلاٹس کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ امتحانات کی تواریخ طئے کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب جوائنٹس انٹرنس امتحانات (جے ای ای) مینس کے اپریل اورمئی کے سیشنس کا ہنوز انعقاد نہیں ہوا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے اس کو ملتوی کردیا ہے ۔ 3 جولائی کو انعقاد کئے جانے والے جے ای ای اڈوانس امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ان امتحانات کی تواریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ ٹی سی ایس کی جانب سے ہی یہ امتحانات آن لائین میں انعقاد کئے جاتے ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل کی جانب سے ایمسٹ کا انعقاد کرنے سے دوسرے سیٹس کے امتحانات سے ٹکرانے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ٹی سی ایس خالی سلاٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحانی تاریخ مقرر کرنے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ تمام سیٹس کے امتحانات اگست کے اواخر تک مکمل کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں ۔ 25 جولائی تا اگست کے پہلے ہفتہ تک ایمسٹ امتحانات کا انعقاد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس کے لئے انجنیئرنگ کورسیس میں داخلہ کا عمل 15 اگست کے بعد شروع کرنے اور یکم ستمبر سے کلاسیس کا آغاز کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے 19 تا 22 جون تک انعقاد کئے جانے والے پوسٹ گریجویٹ انجنیئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ (پی جی ای سیٹ) یکم جولائی سے انعقاد کئے جانے والے انجنیئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ (ای سیٹ) ملتوی کرنے کا تقریباً فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ صرف سرکاری طور پر اعلان باقی ہے۔ ایم بی اے اور ایم سی اے کورسس میں داخلوں کیلئے 19 اور 20 اگست کو منعقد ہونے والے (آئی سیٹ) اور اسی ماہ 24 اور 25 کو منعقد ہونے والے ایڈسٹ امتحانات کو ملتوی کرنے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ مختلف ڈگری کورسس کے فائنل امتحانات کا انعقاد کرنا باقی ہے ۔ اس کی تکمیل کے بعد ہی لا سیٹ ، ایڈ سیٹ ، آئی سیٹ کے اہلیتی امتحانات کا انعقاد کرنے کی توقع ہے۔