کامن انٹرنس ٹسٹ کمیٹیوں کے اجلاسوں کا انعقاد
حیدرآباد۔/12 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پیشہ ورانہ و فنی تعلیمی کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے کامن انٹرنس ٹسٹ کمیٹی کے اجلاسوں کا آج سے آغاز ہوا۔ ہر ایک کامن انٹرنس ٹسٹ کمیٹی کا اجلاس ایک الگ دن منعقد کرنے کیلئے کامن انٹرنس ٹسٹ کنوینرس نے تاریخوں کا تعین کیا اور ہر کامن انٹرنس ٹسٹ کیلئے اس یونیورسٹی کے وائس چانسلرس ہی صدر نشین ہوں گے۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آج آئی سیٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔17 فبروری کو ایڈسیٹ19 فبروری کو بی ای سیٹ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ جبکہ ایمسیٹ کمیٹی کا اجلاس 15 یا18 فبروری کو منعقد کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے اور اسی روز ای سیٹ کمیٹی کا بھی اجلاس منعقد ہوگا۔ بعد ازاں لاسیٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مططابق بتایا جاتا ہے کہ کامن انٹرنس ٹسٹ کمیٹی کے اجلاسوں میں متعلقہ کامن انٹرنس ٹسٹ سے متعلق اعلامیہ کی اجرائی کی تواریخ ، درخواستوں کو قبول کرنے سے متعلق تواریخ کو تکلیف دیتے ہوئے اعلان کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اہلیت و دیگر شرائط وغیرہ کو بھی کمیٹی اجلاس میں ہی قطعیت دیئے جائیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ 2020 سے متعلق نوٹیفکیشن توقع ہے کہ جاریہ ماہ 20 فبروری یا 21 فبروری کو جاری کیا جائے گا۔