ایمسیٹ اہلیتی امتحان میں کوئی تبدیلی نہیں

   

آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی وضاحت
حیدرآباد ۔ ایمسیٹ کے ذریعہ انجینئرنگ میں داخلہ کیلئے اہلیتی امتحانات میںکوئی ترمیم یا تبدیلی جاریہ سال نہیں ہوگی کیونکہ میاتھس اور فزیکس کے بغیر انجینئرنگ میں داخلہ کے سلسلہ میں آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ پر طلبہ میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کی غرض سے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جاریہ سال ایمسیٹ کے اہلیتی امتحان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ جن طلبہ نے انٹر سال آخر میں کامیابی حاصل کی ہے یا امتحان تحریر کئے ہیں وہ ایمسیٹ امتحان میں شرکت کیلئے اہل ہوں گے۔انٹرمیڈیٹ یا اس کے مماثل امتحانات تحریر کرنے والے امیدوار ایمسیٹ امتحان میں شرکت کے اہل قرار دیئے گئے ہیں ۔اعلامیہ میں وضاحت کی گئی ہے کہ جن امیدواروں نے میاتھس ‘ فزیکس یا کیمیسٹری کے ساتھ انٹرمیڈیٹ مکمل کیا ہے یا سال آخر کا امتحان تحریر کیا ہے وہ ایمسیٹ 2021 میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انجینئرنگ میں داخلہ کیلئے انٹرمیڈیٹ کے دوران میاتھس اور فزکس لازمی نہیں رہے گا ۔ انجینئرنگ میں داخلوں کے لئے قومی کونسل کی جانب سے دی جانے والی رعایت اور تبدیلی مضامین کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ریاست تلنگانہ کی جانب سے اس بات کی وضاحت کردی گئی ہے کہ ایمسیٹ کے اہلیتی معیار میں کوئی تبدیلی جاریہ سال نہیں کی جائے گی اسی لئے طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرور ت نہیں ہے کیونکہ ریاست میں ایمسیٹ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور انٹرمیڈیٹ کا سال دوم قریب الختم ہے اسی لئے حکام نے کافی غور و خوض کے علاوہ ماہرین تعلیم سے مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ جاریہ سال کے دوران کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئندہ سال اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ساتھ انجینئرنگ میں داخلے دیئے جائیں گے۔