حیدرآباد۔انجینئرنگ،فارمیسی، اگریکلچر اور ویٹرنری کورسیس میں بیچلر ڈگری کی تکمیل کے خواہاں طلبہ تلنگانہ ایمسیٹ 2021 کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی جو ایمسیٹ 2021 کا انعقاد عمل میں لارہی ہے نے ایمسیٹ کا اعلامیہ جاری کیا۔ 5 تا 9 جولائی ایمسیٹ منعقد ہوگا۔ اگریکلچر اور میڈیسن کیلئے 5 اور 6 جولائی جبکہ انجینئرنگ کیلئے ٹسٹ 7 تا 9 جولائی کو ہوگا۔ جاریہ سال تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اور یونیورسٹی نے ایمسیٹ کے نصاب میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ انٹر سیکنڈ ایئر کے 70 فیصد نصاب اور فرسٹ ایئر کے صدفیصد نصاب کو ٹسٹ کیلئے شامل کیا گیا ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے تعلیمی سال 2020-21 کیلئے نصاب میں 30 فیصد کی کمی کی ۔ فرسٹ ایئر کا مکمل نصاب ایمسیٹ میں شامل کیا جائیگا کیونکہ طلبہ نے 2019-20 میں کلاسیس میں شرکت کی تھی۔ انٹرنس 160 سوالات پر مبنی ہوگا۔ یونیورسٹی نے اس مرتبہ فرسٹ ایئر کیلئے 55 فیصد اور سیکنڈ ایئر کے نصاب کیلئے 45 فیصد ویٹیج کا فیصلہ کیا ۔ 160 سوالات میں 55 فیصد سوالات انٹر فرسٹ ایئر اور 45 فیصد سیکنڈ ایئر نصاب کے مطابق رہیں گے۔ سابق میں دونوں کیلئے یکساں50 فیصد ویٹیج دیا جاتا رہا۔ 18 مئی تک ایمسیٹ کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ 250 روپئے اور 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ علی الترتیب 28 مئی اور 7 جون تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔