ایمسیٹ کی تاریخ کا حالات معمول پر آنے کے بعد اعلان

   

لاک ڈاون میں توسیع پر آن لائین امتحان کی تجویز بھی زیر غور : ٹی پاپی ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔23اپریل(سیا ست نیوز) تلنگانہ میں انجنیئرنگ‘ اگریکلچر اور فارمیسی کے علاوہ دیگر میں داخلوں کیلئے اہلیتی امتحانات کیلئے تاریخ حالات معمول پر آنے کے بعد جاری کی جائیگی۔صدرنشین تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیمات مسٹر پاپی ریڈی نے بتایا کہ اگر ریاستی ومرکزی حکومت کی جانب سے 7مئی کو لاک ڈاؤن ختم کردیا جاتا ہے تو امتحانات کے انعقاد کیلئے کونسل کو 3ہفتہ درکار ہوں گے اور انہوں توقع ظاہر کی کہ لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد ںصورتحال معمول پر تیزی سے آنی شروع ہوجائے گی اور
EAMCET
کے انعقاد کی راہیں ہموار ہونگی۔مسٹر پاپی ریڈی نے بتایا کہ ریاستی کونسل نے ایمسیٹ میں حصہ لینے کے خواہشمندوں کیلئے فیس جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 5مئی تک کی توسیع کی جاچکی ہے اور خواہشمند طلبہ آن لائن درخواست اور فیس جمع کرواسکتے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی یا مرکزی حکومت کی جانب سے حالات کو معمول پر لانے اقدامات کے اعلان کے بعد ہی تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فارہائیر ایجوکیشن ایمسیٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کرے گا۔انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ امتحانات کے معاملہ میں خوفزدہ نہ ہوں بلکہ تیاریوں کو جاری رکھیں کیونکہ کونسل کی جانب سے بہر صورت امتحانات منعقد کئے جائینگے اور جب کبھی حالات معمول پرآئیں گے اس کے تین ہفتہ بعد ایمسیٹ منعقد ہوگا۔بتایاجاتا ہے کہ کونسل کی جانب سے آن لائن امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں بھی غور کیا جا رہاہے اور لاک ڈاؤن میں مزید توسیع ہوتی ہے تو طلبہ کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرکے انہیں دو ہفتوں کی آن لائن امتحان کی تربیت کی فراہمی کے بعد امتحانات منعقد کرنے حکمت عملی بھی تیار کی جارہی ہے کیونکہ بعض گوشوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کے اشارے دئیے جار ہے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ اگر جون تک لاک ڈاؤن برقرار رہے تو جولائی میں آن لائن امتحان کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں حکومت کو تجویز روانہ کردی گئی ہے اور رہنمایانہ خطوط طلب کئے گئے ہیں۔