ایمسیٹ کے جون میں انعقاد کا امکان

   

انٹرمیڈیٹ امتحانات کے شیڈول کے بعد تفصیلات کو قطعیت
حیدرآباد۔ریاست میں ایمسیٹ ماہ جون کے دوسرے یا آخری ہفتہ میں منعقد ہوگا اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے انٹرکے سالانہ امتحانات کے شیڈول کی اجرائی کے اندرون ایک ہفتہ ایمسیٹ کے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی۔ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ تلنگانہ میں عام طور پر ایمسیٹ کا انعقاد مئی کے دوران ہوا کرتا تھا لیکن سال گذشتہ کورونا لاک ڈاؤن اور وباء کے سبب ایمسیٹ ستمبر میں منعقد کیا گیا تھا ۔بتایاجاتا ہے کہ کونسل کی جانب سے قطعی فیصلہ کرلیا گیا کہ ایمسیٹ- 2021کا انعقاد بھی سال گذشتہ کے طرز پر ہی مرحلہ وار انداز میںکیا جائے گا ۔سال گذشتہ ایمسیٹ کیلئے انجنئیرنگ کیلئے 4یوم امتحان لیا جائے گا اور زرعی میڈیسن کیلئے 2یا 3یوم کے دوران امتحانات ہونگے ۔بتایاجاتا ہے کہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے خواہش کی گئی کہ وہ جلد انٹرمیڈیٹ امتحانات کا شیڈول جاری کریں تاکہ اس کے بعدایمسیٹ کی تواریخ کا تعین کیا جاسکے ۔بتایاجاتا ہے کہ اگر ریاست میں انٹر کے امتحانات اپریل کے پہلے ہفتہ میں ہوتے ہیں تو ایمسیٹ کا انعقاد جون کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں بھی ممکن ہے اور اگر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے تاخیر کی جاتی ہے توان امتحانات کو دو ہفتوں کیلئے آگے بڑھایا جاسکتا ہے تاکہ طلبہ کو تیاری کیلئے سہولت حاصل ہواور انہیں کسی بھی طرح کی مشکل کا سامنا نہ رہے۔