ایمس دہلی میں کورونا ویکسین ٹرائیلس کیلئے والینٹرس کی بھرتی

   

نئی دہلی : ایمس دہلی نے دیسی طورپر تیارکردہ کووڈ۔19 ویکسین Covaxin کے ہیومین کلینکل ٹرائیلس منعقد کرنے کیلئے والینٹیرس کی بھرتی کا عمل پیر کو شروع کردیا۔ ممتاز طبی ادارے کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رندیپ گولیریا نے کہا کہ قومی سطح پر کورونا وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کا معقول ثبوت نہیں ہے۔ ایمس دہلی اُن 12مراکز میں سے ہے جن کو انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر ) نے Covaxin کے ٹرائیلس کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لئے منتخب کیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں اس ویکسین کا تجربہ 375 والینٹیرس پر کیا جائیگا اور اُن میں سے 100ایمس سے لئے جائیں گے ۔ دوسرے مرحلے میں تقریباً 750 والینٹیرس شامل ہوں گے جو تمام 12 مراکز سے مجموعی طورپر لئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر گولیریا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین ٹرائیل 18 تا 55 سال کے صحتمند افراد پر کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلے میں 12 تا 65 سال کے افراد پر اس ویکیسن کی جانچ ہوگی ۔