نئی دہلی 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے دھمکی دی ہے کہ مریضوں کی نگہداشت سے متصلہ کیمپس میں سرقہ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لئے مؤثر کارروائی نہ کئے جانے کی صورت میں وہ اپنا کام روک دیں گے کیوں کہ غیر محفوظ اور غیر معاون ماحول میں خدمات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔ ان ڈاکٹروں نے الزام عائد کیاکہ ان کی شکایات کی شنوائی نہیں کی جارہی ہے۔ ایمس انتظامیہ کے نام اپنے مکتوب میں ریزیڈنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے ڈاکٹروں کے تمام ڈیوٹی رومس کے لئے سکیورٹی میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے فیصلوں کو روبہ عمل لانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہاکہ وعدہ کے مطابق تمام گمشدہ اشیاء کی شکایات کی تحقیقات کے مطابق نقصان کی پابجائی کیلئے مالی معاوضہ ادا کیا جائے۔
