ایمس کی طرز پر یونانی انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا مطالبہ

   

مشہور صحافی رویش کمار، عارفہ خانم شیروانی اور راشٹریہ سہارا کے ریزنڈنٹ ایڈیٹر فخر امام سمیت 22افراد کو ایوارڈ

نئی دہلی،12فروری (سیاست ڈاٹ کام) مسیح الملک حکیم اجمل خاں میموریل سوسائٹی (رجسٹرڈ)نے ایمس کی طرز پر یونانی انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حکومت نے آیوروید کے لئے انسٹی ٹیوٹ بنایا ہے اسی طرح یونانی انسٹی ٹیوٹ بھی بنائے ۔ یہ مطالبہ آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا ہے ۔سوسائٹی کے قومی صدر ڈاکٹر محمد عمران،نیشنل سکریٹری ڈاکٹر صاحبزادہ نجم ریحان اوربانی جنرل سکریٹری ڈاکٹر (حکیم) اسلم جاوید نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونانی طریقہ علاج کی اس وقت تک ترقی نہیں ہوسکتی جب تک حکومت ایمس کی طرز پر یونانی کے لئے آیوروید کی طرح ایک انسٹی ٹیوٹ قائم نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے مرکزی حکومت اور دہلی حکومت سے تین مطالبات سامنے رکھے ہیں۔جن میں سے پہلا مطالبہ حکیم اجمل خاں کو بھارت رتن دیا جائے ، دوسراطبیہ کالج قرولباغ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے اور تیسرا مطالبہ ایمس کی طرز پر انسٹی ٹیوٹ قائم کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ کل (13فروری) ہونے والی تقریب میں مسیح الملک حکیم اجمل خاں میموریل سوسائٹی (رجسٹرڈ)اورحلال ہربل ریمیڈینر کے اشتراک سے عالمی یوم یونانی کے موقع پر مختلف میدانوں کے 22ممتاز افراد کو حکیم اجمل خاں گلوبل ایوارڈ 2019 سے نوازا جائے گاجن میں مشہور صحافی رویش کمار، عارفہ خانم شیروانی اور راشٹریہ سہارا کے ریزنڈنٹ ایڈیٹر فخر امام شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق وزیرصحت اوراپوزیشن لیڈر(راجیہ سبھا)جناب غلام نبی آزاد، مہمانان ذی وقار کی حیثیت سے ملیشیا کے ہائی کمشنر ہز ایکسی لینسی داتو ہدایت عبدالحمید،پدم شری پروفیسر اخترالواسع صاحب اورپدم شری ڈاکٹر محسن ولی صاحب شریک ہوں گے ،جبکہ اس تقریب کی صدارت ڈاکٹر سید فاروق (ہمالیہ ہیلتھ کیئر)کریں گے ۔