ایمنسٹی کے ویڈیو میں نصیرالدین شاہ کی حکومت سے اپیل

   

نئی دہلی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر ایکٹر نصیرالدین شاہ کے تبصرے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کی جانب سے ویڈیو میں جمعہ 4 جنوری کو جاری کئے گئے جس میں اُنھوں نے ہندوستانی حکومت سے اظہار خیال کی آزادی اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے خلاف مہم روکنے کی اپیل کی ہے۔ اُن دستوری حقوق کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے جو ہندوستانی شہریوں کو اظہار خیال کی آزادی کی ضمانت دیتے ہیں، نصیرالدین شاہ نے ویڈیو میں کہا ہے کہ ہمارے ملک میں جو لوگ گھروں، زمینات اور غریبوں کے معاشی ذرائع کو بچانے میں مدد کرتے ہیں، جو منصفانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ حقوق کی بات کرتے ہیں، جو کرپشن کے خلاف اپنی آواز اُٹھاتے ہیں، ایسے تمام لوگ دستور کی حفاظت میں اپنا رول ادا کررہے ہیں لیکن اب جو حقوق طلب کرتے ہیں اُنھیں ہراساں کرکے بھگادیا جاتا ہے۔ جہاں کبھی قانون ہوا کرتا ہے اب وہاں صرف اندھیرا نظر آتا ہے۔ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی او ایمنسٹی نے ٹوئٹ کے ذریعہ ویڈیو جاری کیا جس میں کہا گیا کہ 2018 ء میں ہندوستان میں اظہار خیال کی آزادی اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے خلاف زبردست مہم دیکھنے میں آئی۔ اب نئے سال میں ہمارے دستوری اقدار کے لئے ڈٹ جانے اور ہندوستانی حکومت کو یہ کہنے کا وقت آگیا ہے کہ اُس کی مذموم مہم کا ضرور خاتمہ ہوجائے۔