جے پور، 3 جون (یو این آئی) راجستھان انٹیلی جنس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جیسلمیر کے ایمپلائمنٹ آفس میں کام کرنے والے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹو آفیسر شکور خان کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (سی آئی ڈی سیکورٹی) وشنو کانت گپتا نے منگل کو کہا کہ شکور خان کی سرگرمیاں کافی عرصے سے مشکوک پائی جارہی تھیں۔ اس وجہ سے سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے اس پر کڑی نظر رکھی جا رہی تھی۔ نگرانی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ شکور خان پاکستانی سفارت خانے میں کام کرنے والے کچھ افراد خصوصاً احسن الرحیم عرف دانش اور سہیل قمر سے مسلسل رابطے میں تھا۔ خیال ر ہے کہ دانش کو حکومت ہند پہلے ہی ’ناپسندیدہ شخص‘ قرار دے کر پاکستان واپس بھیج چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکور خان سے جے پور کے مرکزی تفتیشی مرکز میں تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں نے تفصیل سے پوچھ گچھ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ جیسلمیر کے ایمپلائمنٹ آفس میں اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹو آفیسر جیسے اہم عہدے پر تعینات ہے۔