نیویارک: آن لائن شاپنگ کی بڑی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس آئندہ ماہ اپنی کمپنی بلو اوریجنز کے راکٹ پر خلا میں روانہ ہوں گے اور یوں وہ دنیا کی پہلی ایسی شخصیت بن جائیں گے جو اپنے راکٹ پر خلائی سفر پر روانہ ہوں گے۔ ایمیزون کے 57 سالہ بانی نے اپنے اس ارادے کا اظہار پیر کو کیا۔انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی مارک کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی ہے جو ایک رضاکار فائر فائٹر اور سرمایہ کار ہیں۔بلو اوریجنز کمپنی کا راکٹ نیو شیپرڈ اس سے پہلے اپنی 15 آزمائشی پروازیں مکمل کر چکا ہے۔ اب یہ انسانوں کو لے کر 20 جولائی کو پہلی مرتبہ خلاء میں روانہ ہو گا، جو نیل آرمسٹرانگ اور بز آلڈرین کے خلائی جہاز اپالو کے ذریعے پہلی مرتبہ چاند پر اترنے کے 52 برس مکمل ہونے کا دن بھی ہے۔ بیزوس اور ان کے بھائی مارک ویسٹ ٹیکساس سے روانہ ہوں گے اور ان کے ساتھ ایک اور شخص بھی ہو گا جو ایک آن لائن چیریٹی جیت کر اس راکٹ میں سواری کا اہل قرار پائے گا۔ ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ چھ لوگوں کی گنجائش والے اس کیپسول میں اور کون کون سوار ہو گا۔یہ پرواز دس منٹ کی ہوگی اور اپنے مسافروں کو 65 میل یعنی 105 کلو میٹر کی بلندی تک لے جائے گی اور مدار میں داخل ہونے سے پہلے ہی خلاء کے دہانے سے واپس زمین پر آجائے گی۔ جیف بیزوس دنیا کے امیر ترین انسان ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ پانچ برس کی عمر سے خلاء میں جانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
