واشنگٹن ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ای کامرس کمپنی ایمیزون نے اپنے ملازمین کو دو اکتوبر تک گھروں سے کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے امریکہ میں ایمیزون کے گوداموں میں ملازمین کی موجودہ صورت حال پر تشویش دیکھی جا رہی تھی۔ ایمیزون کے ترجمان کے بیان مطابق ایسے ملازمین جو ہوم آفس کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں، ان کو دو اکتوبر تک گھروں سے کام کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کمپنی کے کتنے فیصد ملازمین گھروں سے فرائض سرانجام دیں گے۔