ایم ایس دھونی کے استعفے پر انکی اہلیہ ساکشی کا کرارا جواب ، چنئی سپرکنگس نے بھی لی چٹکی

,

   

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کی خبریں جمعرات کو دن بھر گردش کرتی رہیں ۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کے ایک ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر دھونی کے ریٹائرمنٹ لینے کے دعوے کئے جانے لگے ۔ کئی لوگوں نے تو یہ بھی دعوی کیا کہ جمعرات کی شام کو دھونی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے ۔

حالانکہ شام ہوتے ہوتے واضح ہوگیا کہ یہ فرضی خبر تھی ۔ ایم ایس دھونی کی اہلیہ ساکشی دھونی نے بھی ٹویٹ کرکے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا انہیں افواہ کہا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں دھونی کی آئی پی ایل ٹیم چنئی سپرکنگس نے بھی ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائی پر چٹکی لی ۔ سی ایس کے کے ٹویٹر ہینڈل پر مشہور ٹی وی شو گیم آف تھرونس کے ایک ڈائیلاگ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا گیا : آج نہیں۔

خیال رہے کہ دھونی نے ورلڈ کپ کے بعد سے بریک لے لیا ہے جس سے ان کے مستقبل کو لے کر قیاس آرائی کا بازار گرم ہے ۔ وہ ویسٹ انڈیز دورہ پر بھی نہیں گئے اور فوج کی اپنی ریجمنٹ کے ساتھ وقت گزارا ، جس میں وہ اعزازی لیفٹننٹ کرنل ہیں ۔ انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی گھریلو سیریز کیلئے بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔