ایم ایس کریٹیو کڈس کی گریجویشن ڈے تقاریب

   

ننھے طلبہ کے لئے پری پرائمری سکول سے فراغت کا جشن
حیدرآباد۔ 15 مارچ ۔ ( پریس نوٹ ) ۔ ایم ایس کریٹیو کڈس کے طلبہ کے لئے ان کی پری پرائمری اسکول کی تعلیم پورا کرنے پر شاندار پیمانے پر تین روزہ جلسہ تقسیم اسناد کا آغاز ہوا ہے۔ MS Creative Kids کے تین روزہ گریجویشن ڈے تقریب کا آغاز اکبر باغ کڈز کے طلبہ کے رنگا رنگ پروگرامس سے ہوا۔ ننھے طلبہ نے اس تقریب میں متعدد شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے وہاں مدعو والدین اور دوسرے ناظرین کی زبردست ستائش حاصل کی۔ رنگا رنگ پروگرام، بشیر باغ میں واقع بھارتیہ ودیا بھون، میں 14 مارچ سے 16 مارچ 2023 تک منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کا پہلا دن صبح ایم ایس کریٹئیو کڈز اکبر باغ کے طلبہ اور دوپہر کا سیشن ایم ایس ایم ایس کریٹئیو کڈز چارمینار، ایرا کنٹہ اور سیتا پھل منڈی کے طلبہ کے لئے مختص تھا۔ اس موقع پر منعقدہ تقاریب کی خاص بات یہ ہے کہ انکی نظامت کی ذمہ داری ننھے طلبہ کو دی گئی ہے جسے وہ بخوبی نبھا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیئر مین محمد لطیف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ننھے طلبہ ایک اسٹیج سے دوسرے اسٹیج پر منتقل ہونے کی خوشی میں یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے اولیاء طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے بچوں پر اور انکی معصوم باتوں پر توجہ دیں۔ تین سے چھ سال کی عمر کے بچوں میں یہ خواہش زیادہ ہوتی ہے کہ والدین ان پر اپنا دھیان مرکوز کریں۔ بچوں کی شخصیت، ان کے اندر چھپے خوف اور عدم تحفظ کے احساس کو جاننے کی کوشش کریں۔ ان میں خود اعتمادی کو بڑھائیں۔ انکی عزت کریں۔ بچوں کو ہر بات پر ٹوکا نہ کریں۔ بچے جیسے بھی ہوں انہیں قبول کریں۔ ان سے جھوٹ نہ بولیں۔ ان سے وہی وعدہ کریں جو آپ پورا کر سکتے ہوں۔ بچوں کے لیے والدین ان کے ہیروز ہوتے ہیں ایسا کچھ نہ ہو کہ انکے اعتماد کو ٹھیس پہنچے۔ بچوں میں اپنی مادری زبان اردو کا شوق پیدا کریں۔ جو بچے اپنی مادری زبان سے دور ہوتے ہیں وہ اپنے والدین کی عزت نہیں کرتے، یہ ایک سائنسی طور پر تصدیق شدہ حقیقت ہے۔ گھروں میں دینی ماحول ہو اس جانب توجہ دیں۔ اس موقع جلسہ کے آخر میں ایم ایس کریٹئیو کڈس کے طلبہ کو پری پرائمری مرحلے کی تکمیل پر محمد لطیف خان اور سینئر اراکین منجمنٹ کی جانب سے طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا۔ ایم ایس کریٹئیو کڈس کے گریجویشن ڈے تقریب کے دوسرے دن 15 مارچ کو صبح کے سیشن میں ہمایوں نگر اور ملے پلی گرلز جبکہ دوپہر کے سیشن میں مدہانی اور مادنا پیٹ کے طلبہ کے لئے جلسہ منعقد کیا گیا۔ تقریب کا تیسرا اور آخری دن 16 مارچ کی صبح راجندر نگر، سن سٹی و شاستری پورم اور دوپہر مہدی پٹنم اور مشیرآ باد کے طلبہ کے لئے مختص ہے۔