حیدرآباد۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ایم ایس کے طلباء نے مارشل آرٹ کے پومسیمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتک کے تمام ریکارڈس توڑدئے اور ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ اپنی اس شاندا ر کارکردگی کے سبب ایم ایس کے طلباء نے گینیز بک میں ایک ناقابل تسخیر ریکارڈ درج کردیا ہے ۔اسپورٹس کے میدان میں ایم ایس کے طلباء کا یہ ابتک کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ طلباء کے اس حوصلہ بخشش کارگردگی سے متاثر ہو کر ایم ایس مینجمنٹ نے اسپورٹس اکیڈمی کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سید مصباح الدین آج میڈیا کو ایم ایس طلباء کی اس بڑی کامیابی کی اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ ایم ایس کرییٹو اسکول کے 43 طلباء نے گزشتہ ماہ منعقد مارشل آرٹ کے ایک عالمی ایونٹ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور30 منٹ کے اندر Poomsae کے مختلف مراحل کا نان اسٹاپ مظاہرہ کرکے ایک عالمی ریکارڈ بنایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے اس کارنامہ کے ذریعہ گینیز بک میں ناقابل تسخیر ریکارڈ درج کیا۔ انہوں نے بتایا ایم ایس طلباء کی اس حیرت انگیز کارکردگی نے ابتک کے تمام ریکارڈز توڑدئے ہیں ۔ Poomsae مارشل آرٹ کے Taekwondo کی ایک شاخ ہے اور اس عالمی مظاہرہ میں ایم ایس کے طلباء نے بغیر وقفہ کے نصف گھنٹہ کے اندر اس کے 6 مختلف مراحل کو 87مرتبہ مظاہرہ دیکھایا۔ اس ایونٹ میں ہندوستان کے علاوہ ہانگ کانگ اور ویتنام کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔
