دو ہزار طلبہ کو میڈیسن میں داخلے ، لطیف میموری خان کے ادارے کو اعزاز ، مسابقتی امتحانات کیلئے طلبہ کی تیاری کو اولین ترجیح
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : زندگی کے ہر مرحلہ میں ریاضی یا میاتھس کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اور جو طلباء و طالبات ریاضی کے مضمون میں مہارت پیدا کرلیتے ہیں وہ زندگی میں کامیاب رہتے ہیں ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے تمام اسکولس ، کالجس میں طلبہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انجینئرنگ ، میڈیسن ، آئی آئی ٹیز اور این آئی ٹیز میں داخلوں کے ساتھ انہیں آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس اور آئی آر ایس بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس اسکولس کے ان 138 طلباء وطالبات کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب میں محترمہ نزہت صوفی خان وائس چیرپرسن ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی ، جناب انور احمد منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد معظم حسین سینئیر ڈائرکٹر ماہر تعلیم سید حمید نے اپنی تقاریر میں کیا اور کہا کہ انٹرنیشنل میاتھمٹکس اولمپیاڈ میں 138 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلس کا حاصل ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ اس موقع پر مہ جبین میڈم ، افروز میڈم ، فوزیہ میڈم اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر معظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہر طالب علم کو انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے ۔ ایسے میں سرپرستوں ، اساتذہ اور خود طلبہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اسکولوں میں ایسا ماحول تیار کریں جہاں 90 فیصد وقت انگریزی بات چیت ہو اگر ایسا ہوتا ہے تو انگریزی بات چیت میں ماہر یہ بچے ہر شعبہ میں ملت کا اثاثہ بن سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر محمد معظم حسین اور جناب انور احمد نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایم ایس کا مقصد MAGIC ( muslim as global ideal citizen ) ہے چنانچہ ایم ایس کے ذریعہ اب تک تقریبا 2000 مسلم طلباء و طالبات ایم بی بی ایس کرچکے ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں انجینئرس بنے ہیں ۔ اس کی مفت کوچنگ سنٹرس سے 2 آئی اے ایس بنے جب کہ 41 طلباء کا گروپ I کے لیے انتخاب عمل میں آیا ۔ اس طرح آئی آئی ٹیز اور NITS میں ایم ایس تقریبا 150 بچوں کے داخلہ کا باعث بنا ۔ ایم ایس کے اسکولوں سے ہر سال بے شمارحفاظ بھی نکلتے ہیں گذشتہ سال 114 بچوں کو حفظ مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔ محترمہ نزہت صوفی خاں وائس چیرپرسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج معمول کے مطابق یا روایتی طریقوں سے تعلیم دینے کا دور نہیں ہے بلکہ آج کا دور مسابقتی دور ہے ۔ یہاں معیاری تعلیم کی ضرورت ہے ۔ مصنوعی ذہانت کا شعبہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ایسے میں ایم ایس نے ایسا نظام تعلیم ڈیزائن کیا ہے جس سے ہمارے طلباء مسابقتی امتحانات میں آگے ہوں ۔ اس موقع پر نسیم جہاں آراء پرنسپل راجندر نگر برانچ کا نام بطور خاص لیا گیا جن کی برانچ سے 18 طلباء وطالبات کو انٹرنیشنل میاتھس اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل حاصل ہوئے ۔۔