ایم ایل ایم اسکیم کے نام پر دھوکہ ریاکٹ میں ملوث 58افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /8 جنوری (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے بڑے پیمانے پر چلائی جارہی ایم ایل ایم اسکیم کیونٹ دھوکہ دہی ریاکٹ میں ملوث 58 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے کہا کہ ویہان ڈائرکٹ سیلنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ جو سابق میں گولڈ کویسٹ یا کویسٹ نیٹ کے نام سے جانی جاتی تھی کو ہانک کانگ کے جوزف بسمارک اور وجئے اشورن نے سن 1998 ء میں قائم کیا تھا ۔ یہ کمپنی بین الاقوامی سطح کی تھی اور کیونیٹ نے ویہان ڈائرکٹ سیلنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ اور ان کی ماتحت ادارے کو ہندوستان کا ذمہ دار بنایا تھا ۔ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کی شکایتوں کے بعد پولیس نے 14 مقدمات درج کئے تھے اور اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ اس کاروبار میں چین سسٹم قائم کیا گیا تھا اور نئے ممبرس کا اندراج کرکے اس کمپنی کی رکنیت دی جارہی تھی ۔ پولیس نے کیونیٹ سے تعلق رکھنے والے 58 افراد جن میں 42 افراد کا تعلق تلنگانہ سے ہے اور دیگر کا بنگلور ، دہلی ، اڈیشہ ، مغربی بنگال سے ہے کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر آباد پولیس نے ویہان کمپنی کے بینک اکاؤنٹس جن میں 2.7 کروڑ رقومات موجود تھے کو منجمد کردیا ۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے ۔