حیدرآباد :۔ نامزد ایم ایل اے اسٹیفنسن اراضی پر قبضہ کے معاملہ میں ایک اور تنازعہ میں گھر گئے ہیں جس کا علم اتوار کو ہوا ۔ اسٹیفنسن کے حامیوں نے مبینہ طور پر ایک فارم کو جو ایک شخص کی ملکیت ہے ، ہموار کیا اور انہوں نے اسے جب اس نے انہیں اس سے روکنے کی کوشش کی تو سنگین عواقب و نتائج کی دھمکی دی ۔ اسٹیفنسن کے حامیوں کی دھمکیوں پر اس زمین کے مالک نے مقامی چنگومل پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی ۔ متاثرہ شخص نرسمہلو نے کہا کہ وہ 3 ایکڑ 10 گنٹے زمین کا مالک تھا اور اس نے 2016 میں اسٹیفنسن کی دختر جیسیکا کو 1.25 ایکڑ زمین فروخت کی تھی ۔ تاہم نرسمہلو کے بیٹے وینکٹیا نے الزام عائد کیا کہ اسٹیفنسن کے حامیوں نے اس کے والد پر دباؤ ڈالا کہ وہ مزید 1.25 ایکڑ اراضی جیسیکا کو فروخت کرے ۔ جب اس نے اس سے انکار کیا تو اسٹیفنسن کے حامیوں نے اس اراضی میں داخل ہو کر اسے اپنے قبضہ میں لے لیا ۔ اس نے اس سلسلہ میں انصاف کرنے کے لیے پولیس سے شکایت کی ۔ یہاں اس بات کا اعادہ کرنا بیجا نہ ہوگا کہ اسٹیفنسن ایک سنسنی خیز ’ ووٹ برائے نوٹ ‘ کیس میں ایک کلیدی شخص تھے ۔۔